پہلی بار دو رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس کو شریعہ کمپلائنس سرٹیفکیٹ جاری

76

 لاہور: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پہلی بار دو رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس (REITs) کو پہلی مرتبہ شریعہ کمپلائنس سرٹیفکیٹ جاری کر دیے۔ یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں میں سگنیچر ریزیڈنسی رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ اور راحت ریزیڈنسی رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ شامل ہیں۔

رواں سال کے شروع میں پاکستان کی وفاقی شرعی عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں حکومت کو سود سے پاک بینکاری نظام کے تحت قرض فراہمی کو آسان بنانے کی ہدایت کی تھی اور اس فیصلے کی روشنی میں ایس ای سی پی نے ’اسلامی مالیاتی خدمات کی فراہمی کیلئے رہنما اصول‘ جاری کیے تھے۔ یہ رہنما اصول اُن روایتی مالیاتی اداروں کو سہولت فراہم کرتے ہیں جو خود کو شریعت کے مطابق کاروباری طرز میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان اصولوں کے اجراء کے بعد سے متعدد اداروں نے شریعت کے مطابق کمپنیوں کے طور پر سرٹیفیکیشن کے لیے درخواست دی۔

سگنیچر ریذیڈنسی رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ باہمی شراکت داروں پر مبنی ترقیاتی ادارہ ہے جو گزشتہ چار سالوں سے کام کر رہا ہے اور اس کا مالیاتی حجم 82 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔ اس کا مقصد اراضی کا حصول اور اس پر سستے اپارٹمنٹس اور رہائشی یونٹس بنا کر صارفین کو فروخت کرکے سرمایہ کاروں کیلئے منافع پیدا کرنا ہے۔

اسی طرح راحت ریذیڈنسی رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ بھی ایک سے زیادہ شراکت داروں کے تحت چلنے والا ادارہ ہے جس کا مالیاتی حجم 1.65 ارب روپے ہے اور گزشتہ پانچ سالوں سے کام کر رہا ہے۔

سرمایہ کار ایس ای سی پی کے اصولوں کے مطابق رئیل اسٹیٹ کے حصول، تعمیر، مالی وسائل کی فراہمی، فروخت اور رعایتی معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے تحت ایک ‘شرک العقد’ شراکت داری میں داخل ہوں گے۔

دراصل مذکورہ دونوں  اداروں کو شریعہ کمپلائنس سرٹیفکیٹس کا اجراء رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کو اسلامی مالیاتی نظام سے جوڑنے اور شریعت سے آگاہ سرمایہ کاروں کو ایک منظم، شفاف سرمایہ کاری کا متبادل فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here