آرگینک میٹ کمپنی کا اماراتی کمپنی کے ساتھ 40 لاکھ ڈالر کا منجمد گوشت برآمد کرنے کا معاہدہ

175

لاہور: دی آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ نے کہا ہے  کہ اس نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو منجمد بغیر ہڈی کا گوشت برآمد کرنے کیلئے ملٹی ملین ڈالر کا معاہدہ کر لیا ہے۔

جمعرات کو دی آرگینک میٹ کمپنی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو آگاہ کیا کہ سالانہ ایک ہزار میٹرک ٹن منجمد بون لیس بیف برآمد کرنے کیلئے اس کا امارات کی فرسٹ کوالٹی فوڈ سٹف ایل ایل سی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

کمپنی نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے کسی بھی میٹ پروسیسر اور ایکسپورٹ ہاؤس کو گوشت کی برآمد کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے جس کے ذریعے کمپنی کو اگلے 6 ماہ میں 40 لاکھ ڈالر سے زیادہ آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے جو کمپنی کے منافع اور شئیرہولڈرز کی آمدن پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گی۔

دی آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ پاکستان کی حلال گوشت اور اس سے منسلک مصنوعات کی پروسیسنگ، فروخت اور برآمد کا کام کرتی ہے۔ اپریل میں کمپنی نے کینیڈا کو پالتو جانوروں کی خوراک اور ازبکستان کو گوشت کی مصنوعات برآمد کرنے کے معاہدے کیے تھے۔ گزشتہ سال کمپنی نے یورپ اور امریکہ کو پالتو جانوروں کی خوراک برآمد کرنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر کے معاہدے کیے۔

مشرق وسطیٰ کے ممالک دی آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ کی بڑی برآمدی منڈی بن گئے ہیں۔ تاہم کمپنی نے پالتو جانوروں کے کھانے کے خام مال کو اپنے پورٹ فولیو میں شامل کیا ہے جس کی وجہ سے وہ امریکہ اور یورپ کو بھی برآمدات بھیج سکتی ہے۔ کمپنی کا مشرق بعید، دولت مشترکہ اور جنوبی ایشیائی منڈیوں میں بھی اہم کاروبار ہے۔

دی آرگینک میٹ کمپنی گائے کے ویکیوم پیکڈ تازہ گوشت کی برآمد شروع کرنے والی پہلی پاکستانی کمپنی ہے اور خطے کی واحد کمپنی ہے جس کے پاس مٹن اور گائے کے گوشت کو ویکیوم پیک یا بلاسٹ فریز کرنے کی ٹیکنالوجی موجود ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here