ٹیکنالوجی فرم سمِٹری گروپ کا پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اندراج

144

کراچی: ٹیکنالوجی فرم سمٹری گروپ (Symmetry Group) کو پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بطور کمپنی شامل کر لیا گیا۔ اس حوالے سے پی ایس ایکس نے باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا۔

کمپنی نے 4.30 روپے فی شیئر کے حساب سے اداروں، انفرادی اور ریٹیلر سرمایہ کاروں کو شئیرز کی پیشکش کی اور تقریبا 43 کروڑ روپے سے زائد کا سرمایہ اکٹھا کر لیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے مطابق سمٹری گروپ کے شئیرز یکم ستمبر 2023ء سے ٹریڈنگ کے لیے دستیاب ہیں۔

سمٹری گروپ ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) سے حاصل ہونے والی رقم کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی تیاری، نئے دفتر کی تزیین وآرائش، سامان کی خریداری، انسانی وسائل کی بہتری، تشہیر اور کاروباری ترقی کیلئے استعمال کرے گا۔

اس حوالے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او فرخ خان نے کہا کہ ٹیک فرم کی شمولیت کے ساتھ پی ایس ایکس اَب ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے بھی مواقع فراہم کرنے کے قابل ہو چکی ہے۔ کیپٹل مارکیٹیں کھلی ہیں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں کیلئے سرمایہ اکٹھا کرنے کے کافی مواقع موجود ہیں۔ کیپٹل مارکیٹ سے فنڈز اکٹھے کرنا بینکوں سے مہنگے قرضے لینے کا ایک بہتر متبادل ہے جو کمپنیوں کو ان کے حریف سے مسابقت کے قابل بناتا ہے۔

سمٹری گروپ کے سی ای او سروش احمد نے کہا کہ 20 سالہ شاندار سفر نے کمپنی کو پاکستان سٹاک ایکسچینج  میں درج کرنے کے قابل بنایا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او اور آئی پی او کے منتطم محمد سہیل نے کہا کہ یہ 2023 کا پہلا آئی پی او ہے اور مستقبل قریب میں مزید کمپنیاں فہرست میں شامل ہونے کیلئے انتظار کر رہی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here