بینک الفلاح 2 ارب روپے کے ادا شدہ سرمائے کے ساتھ ایکسچینج کمپنی قائم کرے گا

216

 

لاہور: بینک الفلاح لمیٹڈ نے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے 2 ارب روپے کے ابتدائی ادا شدہ سرمائے کے ساتھ ایک ایکسچینج کمپنی قائم کرنے کی منظوری حاصل کر لی ہے۔

بینک 10 روپے فی شیئر کی قیمت پر 20 کروڑ عام شیئرز جاری کر کے مطلوبہ سرمایہ اکٹھا کرے گا۔ اس بات کا انکشاف بینک کی جانب سے پاکستان سٹآک ایکسچینج میں فائلنگ میں کیا گیا۔

یہ ایکسچینج کمپنی بینک الفلاح کے مکمل ملکیتی ذیلی ادارے کے طور پر کام کرے گی۔ تاہم یہ فیصلہ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے منظوری اور کلیئرنس اور دیگر ریگولیٹری تعمیل کی ضروریات سے مشروط ہے۔

یہ اقدام بلیک مارکیٹ میں غیر قانونی سرگرمیوں سے نمٹنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ سٹیٹ بینک ایکسچینج کمپنی سیکٹر میں سٹرکچرل اصلاحات نافذ کر رہا ہے تاکہ نگرانی، گورننس کے ڈھانچے، اندرونی کنٹرول اور تعمیل کے طریقہ کار کو مضبوط کیا جا سکے۔

سٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیوں کے لیے کم از کم سرمائے کی ضرورت کو بھی 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دیا ہے، اس شرط کے ساتھ کہ سرمایہ نقصان سے پاک ہونا چاہیے۔

بینک الفلاح نے اپنی فاریکس کمپنیاں قائم کرنے کے سلسلے میں کئی بڑے بینکوں کو جوائن کیا، جن میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل)، میزان بینک، مسلم کمرشل بینک لمیٹڈ (ایم سی بی)، بینک الحبیب (بی اے ایچ ایل)، الائیڈ بینک لمیٹڈ (ا بی ایل) اور فیصل بینک لمیٹڈ (ایف اے بی ایل) شامل ہیں۔ 

حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) اور نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے ایس بی پی کے ان نئے ریگولیٹری اقدامات کے نفاذ سے پہلے ایکسچینج کمپنیوں میں قدم رکھا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here