پاکستانی روپے کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے، اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے کامیاب جائزے کے بعد جمعرات کو پاکستان سٹاک ایکسچینج پہلی بار 57 ہزار پوائنٹ کی سطح کو عبور کر گیا۔
بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 716.96 پوائنٹس یعنی 1.26 فیصد بڑھ کر 57 ہزار پوائنٹس کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر بند ہوا، جو پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
9 ماہ کے سٹینڈ بائی ایگریمنٹ (ایس بی اے) کے لیے آئی ایم ایف کے پہلے جائزے کو کامیابی سے مکمل کرنے سے مارکیٹ میں مثبت رجحانات کو تقویت ملی۔
اس پیشرفت نے پاکستانی روپے پر بھی اثر ڈالا، جس نے 0.76 روپے سے زائد کی بحالی کا مشاہدہ کیا، جو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 287.38 پر بند ہوا۔
بدھ کو روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 0.09 فیصد گر کر 288.14 پر آ گیا تھا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کی کمی ہوئی اور 289 روپے پر بند ہوا۔
گزشتہ 10 دنوں کے دوران پاکستان سٹآک ایکسچینج نے 4 ہزار پوائنٹس سے زیادہ کا اضافہ کیا، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 34فیصد اضافہ کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس اضافے کی وجہ معاشی بحالی کی ابتدائی علامات اور آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہے۔
اس کے ساتھ روپے اور ڈالر کی شرح مبادلہ میں تیزی آگئی، جس سے پچھلے مسلسل 17 دنوں میں نیچے کی جانب کا رجحان ختم ہوا۔