حکومت کا صنعتی پالیسی لانے کا منصوبہ، مشاورتی کونسل تشکیل دیدی

168

 

حکومت نے پہلی صنعتی پالیسی لانےکا منصوبہ بنالیا جس کے لیے حکومت نے19 رکنی صنعتی مشاورتی کونسل تشکیل دی ہے اور اس میں ملک کے نامور صنعتکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔

حکومت نے 19 رکنی صنعتی مشاورتی کونسل کا چیئرمین نگران وفاقی وزیرصنعت و پیداوار گوہر اعجاز کو مقرر کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل میں نجی شعبے سے 12 ارکان شامل کیے گئے ہیں جب کہ ایڈوائزری کونسل میں 6 سرکاری اراکین بھی شامل ہوں گے، انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کی رپورٹ کی روشنی میں پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کونسل میں نجی شعبے سے محمد علی ٹبہ، فواد احمد مختار، رضا منشا، عامر فیاض شیخ، وقار احمد ملک، عبد الصمد داؤد، احسن بشیر اور سمیر چنائے شامل ہیں۔ کونسل میں تمام صوبائی چیف سیکرٹریز بشمول چیف سیکرٹری آزاد کشمیر و گلگت بلتستان شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق نگران حکومت نے عام انتخابات سے قبل پہلی صنعتی پالیسی لانےکا منصوبہ بنایا ہے جس کے لیے تمام شعبوں سےتجاویز لینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ پائیدار ملکی معاشی ترقی کے لیے جاندار صنعتی پالیسی تشکیل دی جائے گی، مقصد صنعتوں کو 100 فیصد پیداواری صلاحیت پر چلانا ہے، انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل میں ملک کے نامور صنعتکاروں کو شامل کیا گیا ہے، کونسل کی رپورٹ کی روشنی میں پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here